اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق عراقی فوج نے صوبہ الانبار میں دہشت گردوں کے خلاف اپنی کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے داعش کی سات گاڑیوں کو تباہ اور دسیوں دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا- عراق کی جنگ سے متعلق اطلاع رسانی کے نیٹ ورک نے ہفتے کو ایک بیان میں کہا ہے کہ عراقی فضائیہ کے طیاروں نے بھی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر موصل شہر میں داعش کے اس ٹھکانے کو تباہ کر دیا جہاں یہ گروہ کار بم تیار کرتا تھا- اس حملے میں بھی متعدد دہشت گرد ہلاک ہو گئے- عراقی فضائیہ کے طیاروں نے اس کے علاوہ القیارہ راوہ اور تلعفر جیسے علاقوں میں بھی داعش کے ٹھکانوں پر متعدد بار بمباری کی جس کے نتیجے میں دہشت گردوں کو بھاری نقصان پہنچا- اس درمیان موصل کے جنوبی علاقوں سے بڑی تعداد میں عراقی شہری دہشت گردوں سے اپنی جان بچا کر صوبہ صلاح الدین کے صدر مقام تکریت کی جانب فرار کر رہے ہیں- اس درمیان یہ بھی اطلاعات ہیں کہ داعش نے ان میں سے بہت سے عراقی شہریوں کو قتل کر دیا-
.....
/169